انڈونیشیا میں متعدد افراد کو زخمی کرنے اور اسکول بند کروانے والے بندر کو پکڑ لیا گیابندر کو پکڑنے کیلئے پولیس، فوجی اہلکاروں، فائر فائٹرز اور جنگلی حیات کے اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن کیا،حکام

جکارتہ (انٹر نیشنل ڈیسک)انڈونیشیا میں 17 لوگوں کو زخمی کرنے والے جنگلی بندر کو سخت محنت کے بعد پکڑ لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے ریا میں 2 ہفتوں سے مسلسل بندر کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بندر سے تنگ پولیس، فوجی اہلکاروں، فائر فائٹرز اور جنگلی حیات کے اہلکاروں نے ایک مشترکہ آپریشن کیا اور سخت محنت کے بعد حکام کو ٹمبیلاہان قصبے سے بندر کو پکڑنے میں کامیابی ملی۔اسی حوالے سے پولیس کے سربراہ ڈونی ایکو لسٹینٹو نے کہا کہ ریا نیچرل ریسورسز کنزرویشن ایجنسی نے بندر کو پکڑنے کیلئے 3جال لگائے جن میں سے ایک جال کے ذریعے بندر زندہ پکڑا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ٹمبیلاہان میں بندر نے تقریبا 17 افراد کو زخمی کیا تھا، جن میں بچے اور بزرگ شہری بھی شامل تھے۔حکام کا بتانا تھا کہ یہ ایک لمبی دم والا بالغ نر بندر ہے، جس نے گھروں کے باہر اور سڑکوں پر لوگوں پر حملہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بندر کے کاٹنے کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے علاقے میں خوف بھی پھیل گیا تھا جس کے سبب ضلع ٹمبیلاہان کے اسکولوں کو 3 دن کیلئے بند کرکے آن لائن کلاسز کا حکم دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *