نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر ترقی ممکن نہیں،لیاقت اقبال راجپوت

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر رہنماء اور ڈپٹی چیرمین سینٹ سیدال خان ناصر کے کمیونیکیشن افئیر کوارڈینیٹرلیاقت اقبال راجپوت نے کہاہے کہ نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر ترقی ممکن نہیں کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہاں کے کمزور یا نظر انداز کیے جانے والے طبقات کو کتنا بااختیار بنایا جاتا ہے آج کے اس دور میں یہ حقیقت اٹل ہے کہ نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر کوئی بھی ملک پائیدار ترقی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لیاقت اقبال نے کہا کہ نوجوان آبادی کا سب سے متحرک اور بڑا حصہ ہیں ان کے پاس جدید خیالات، توانائی اور تخلیقی صلاحیتیں ہوتی ہیں اگر نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں، تو وہ ملکی معیشت کو ترقی کی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔ ان کو نظر انداز کرنا دراصل اپنے مستقبل کو اندھیرے میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں نصف کردار ادا کرتی ہیں ان کی شرکت کے بغیر معاشی پہیہ مکمل طور پر نہیں گھوم سکتاخواتین کو معاشی، سماجی اور تعلیمی میدان میں برابر کے مواقع دینا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ناگزیر ہے۔ گھریلو اور پیشہ ورانہ سطح پر ان کی محنت کو تسلیم کیے بغیر معاشرتی خوشحالی کا خواب ادھورا ہے۔لیاقت اقبال راجپوت نے کہا کہ مزدورمعیشت کا اصل بازوہوتے ہیں فیکٹریوں سے لے کر کھیتوں اور سڑکوں تک، مزدور دن رات محنت کر کے ملکی پیداوار اور تعمیراتی کاموں کو چلاتے ہیں۔مزدوروں کو ان کی محنت کا پورا صلہ، منصفانہ اجرت، صحت مند کام کا ماحول اور بنیادی حقوق (جیسے سوشل سیکیورٹی اور ہیلتھ کیئر) کی فراہمی ایک فلاحی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مزدور کی خوشحالی کا مطلب معیشت کا استحکام ہے درحقیقت ترقی صرف بڑے منصوبوں یا بلند و بالا عمارتوں کا نام نہیں ہے، بلکہ اصل ترقی تب ہوتی ہے جب سماج کے ہر فرد بالخصوص نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کے چہروں پر خوشحالی ہو۔ جب تک معاشرے کے یہ تینوں بازو مضبوط نہیں ہوں گے، کوئی بھی ملک اقتصادی لحاظ سے خودکفیل نہیں بن سکتا۔ اس لیے ریاست اور معاشرے دونوں کو مل کر ان طبقات کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *