مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں لورالائی میں خصوصی فٹبال میچ کا انعقاد

لورالائی(این این آئی)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیر اہتمام بوائز کالج فٹبال گراؤنڈ لورالائی میں ایک خصوصی فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی ہدایت پر منعقدہ فٹبال میچ میں کوئٹہ اور لورالائی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ میچ کے انعقاد کا مقصد تینوں برادر ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اخوت، یکجہتی اور باہمی تعاون کے جذبے کو اجاگر کرنا اور تاریخی معاہدے کی خوشی منانا تھا ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں 7 اگست 2026 کو طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور مشترکہ سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ لورالائی میں خصوصی فٹبال میچ کا انعقاد اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے دیرینہ رشتے قائم ہیں اور ایسے مثبت اقدامات ان تعلقات کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ لورالائی نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرتی رہے گی اس موقع پر کھلاڑیوں اور شائقین نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوستی، اتحاد اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کے پیغام کو اجاگر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *