Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
تربت(این این آئی)عوامی حلقوں اور بے روزگار نوجوانوں نے لوکل گورنمنٹ کی حالیہ بھرتیوں کے ٹیسٹ و انٹرویوز کو کوئٹہ میں منعقد کرنے کے فیصلے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مکران ڈویژن میں خصوصی نشست سمیت آٹھ اراکین صوبائی اسمبلی اور دو اراکین قومی اسمبلی موجود ہیں، اس کے باوجود مکران ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے ٹیسٹ اور انٹرویوز کوئٹہ میں منعقد کرنا سمجھ سے بالاتر اور غریب و بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مکران اور کوئٹہ کے درمیان طویل اور دشوار گزار سفر کے باعث امیدواروں کو سفری اخراجات کے ساتھ ہوٹل اور دیگر اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں، جو غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے انتہائی مشکل ہے۔عوامی حلقوں نے کہا کہ ایک طرف مکران سے کوئٹہ جانے والی شاہراہ کی خستہ حالی اور سفر کی مشکلات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جبکہ دوسری جانب روزگار کے حصول کے لیے نوجوانوں کو ٹیسٹ و انٹرویو کے لیے کوئٹہ بلانا ان کے مسائل میں مزید اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں بھی بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں، جس کے باعث نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکران ڈویڑن کے منتخب نمائندوں کی اس معاملے پر خاموشی بھی قابلِ تشویش ہے۔ حکومت بلوچستان کو چاہیے کہ مکران ڈویڑن کے امیدواروں کے لیے ٹیسٹ و انٹرویوز تربت یا ڈویڑنل سطح پر منعقد کرنے کے انتظامات کرے تاکہ غریب اور بے روزگار نوجوان اضافی مالی بوجھ سے بچ سکیں اور انہیں روزگار کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیسٹ و انٹرویوز کے مراکز مکران ڈویڑن میں قائم کیے جائیں اور بھرتیوں کے پورے عمل کو شفاف، غیر جانب دار اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔