Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ برانچ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد شعیب بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت بلوچستان میں افسرا ن کو دیئے گئے اضافی چارجز فوری طورپر واپس لئے جائیں اور تمام ٹرانسفر و پوسٹنگ میرٹ اور شفاف اصولوں کے مطابق کی جائیں گی،پیری فری میڈیکل کالجز اور بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف سائیکیٹری اینڈ بیہیویورل سائنسز (BIPS) کی تدریسی آسامیوں کے لیے گریڈ 20 کے سینئر پروفیسرز کو سیکرٹریٹ میں نان ٹیکنیکل افراد یا ان سے جونیئر ڈاکٹروں کے سامنے انٹرویو کے عمل سے گزارنا ان کے مقام اور وقار کے منافی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ برانچ محکمہ صحت بلوچستان سے متعلق چند اہم امور پر حکومتِ بلوچستان کی فوری توجہ مبذول کرانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیری فری میڈیکل کالجز اور بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف سائیکیٹری اینڈ بیہیویورل سائنسز (BIPS) کی تدریسی آسامیوں کے لیے گریڈ 20 کے سینئر پروفیسرز کو سیکرٹریٹ میں نان ٹیکنیکل افراد یا ان سے جونیئر ڈاکٹروں کے سامنے انٹرویو کے عمل سے گزارنا ان کے مقام اور وقار کے منافی ہے۔ ان پروفیسرز نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی بلوچستان کے عوام، مریضوں اور میڈیکل طلبہ کی خدمت، تدریس،او پی ڈی، وارڈز اور دیگر طبی خدمات کے لیے وقف کی ہے پی ایم اے مطالبہ کرتی ہے کہ ان آسامیوں پر تعیناتی سینیارٹی، اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر سینئر موسٹ امیدواروں میں سے کی جائے۔ اگر انٹرویو ناگزیر ہو تو بلوچستان یا دیگر صوبوں کے انتہائی سینئر یا ریٹائرڈ پروفیسرز اور متعلقہ ماہرین پر مشتمل پینل تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (MS) اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DHO) انتہائی مشکل حالات میں صحت کا نظام چلا رہے ہیں پی ایم اے مطالبہ کرتی ہے کہ ان افسران کے لیے خصوصی مالی مراعات مقرر کی جائیں اور ان کی ماہانہ تنخواہ و مراعات کو کم از کم 10 سے 12 لاکھ روپے تک بڑھایا جائے، تاکہ قابل اور تجربہ کار ڈاکٹر دور دراز علاقوں میں بلا تعطل اور بہتر انداز میں مریضوں کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم اے کے وفد کی وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیرِ صحت بلوچستان سے ملاقاتوں کے دوران یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ محکمہ صحت میں ایک ہی افسر کو دیے گئے متعدد اور اضافی چارجز واپس لیے جائیں گے اور تمام ٹرانسفر و پوسٹنگ میرٹ اور شفاف اصولوں کے مطابق کی جائیں گی پی ایم اے کوئٹہ برانچ مطالبہ کرتی ہے کہ اس یقین دہانی پر فوری عملدرآمد کیا جائے، تمام غیر ضروری اضافی چارجز ختم کیے جائیں اور ہر اہل افسر کو میرٹ کی بنیاد پر مناسب پوسٹنگ دی جائے تاکہ کسی ایک فرد کے پاس بیک وقت متعدد عہدوں کے چارج نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ برانچ وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیرِ صحت بلوچستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ مذکورہ امور کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ سینئر ڈاکٹرز کا وقار برقرار رہے، دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات بہتر ہوں اور محکمہ صحت میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔