فاطمہ جناح ہسپتال کے احاطے میں سینئر معالج ڈاکٹر کمالان گچکی پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے،پی ایم اے کوئٹہ زون

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کوئٹہ زون نے فاطمہ جناح ہسپتال کے احاطے میں سینئر معالج ڈاکٹر کمالان گچکی پر ہونے والے بزدلانہ قاتلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا بے حد شکر ہے کہ ڈاکٹر کمالان گچکی اس ناگہانی آفت میں محفوظ رہے اور ان کی طنعیت اب بہتری کی طرف گامزن ہے ہم اربابِ اختیار اور بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سنگین جرم میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال انسانی زندگیوں کی بقا اور علاج معالجے کا ایک معتبر اور مقدس ذریعہ ہیں شفا خانوں کی حدود میں طبی عملے اور معالجین پر تشدد اور حملہ قانون کی سنگین پامالی تو ہے ہی، ساتھ ہی یہ پورے صوبائی نظامِ صحت کو مفلوج کرنے کے مترادف ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایم اے کوئٹہ زون حکومتِ بلوچستان سے دو ٹوک مطالبات پیش کرتی ہے واقعے کے ذمہ داران کی فی الفور گرفتاری عمل میں لائی جائے اور فاطمہ جناح ہسپتال سمیت بلوچستان کے تمام طبی مراکز کی فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایم اے یہ بات واضح کر دینا چاہتی ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے جائز مطالبات پر جلد اور ٹھوس عملدرآمد نہ کیا تو تنظیم آئندہ کے سخت لائحہ عمل اور احتجاجی راستہ اپنانے میں حق بجانب ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *