عوام کے ووٹ کو بے توقیر کرکے اقتدار حاصل کرنا جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کی روح کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط حکمران ٹولہ عوامی مینڈیٹ کے بجائے فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ انتخابی میدان میں جو امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں ایک ہزار ووٹ حاصل کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں تھے انہیں فارم 47 کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر مسلط کرکے ملک و قوم کے فیصلوں کا اختیار سونپ دیا گیا۔ یہ ناروا عمل نہ صرف عوام کے ووٹ کی توہین ہے بلکہ جمہوری اقدار اور انتخابی نظام پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جمہوریت کے علمبردار ہونے کے دعوے کرنے والی حکمران جماعتوں نے اقتدار کی خاطر جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عوام کے ووٹ کو بے توقیر کرکے اقتدار حاصل کرنا جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کی روح کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ ملک میں حقیقی جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوسکتی ہے جب عوام کے آزادانہ ووٹ کا احترام، شفاف انتخابات اور حقیقی عوامی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *