عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے، کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی

تربت (ویب ڈیسک) کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس تربت میں بلیدہ زمیندار الیکشن کمیٹی کے وفد کے مطالبات اور علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، اربن ڈویلپمنٹ کے ایکسیئن شعیب سعید، محکمہ زراعت کے افسر عارف کریم، بہرام بلوچ، ڈی ایس پی نزیر احمد، ایریگیشن بلیدہ کے ایکسیئن بیبگر بلوچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلیدہ سے آئے ہوئے زمیندار الیکشن کمیٹی کے وفد نے علاقے کے مختلف مسائل اور مشکلات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔زمینداروں نے اجلاس میں بتایا کہ بلیدہ میں زرعی شعبے سے وابستہ افراد اور مزدوروں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ زرعی مزدوروں کے حوالے سے سیکیورٹی اور چیکنگ کے معاملات بھی ان کے لیے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ زمینداروں اور مزدوروں کو درپیش مسائل کا عملی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے تاکہ زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔اجلاس میں بلیدہ میں یوریا کھاد کی عدم دستیابی اور ڈسٹری بیوٹر نہ ہونے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ زمینداروں نے بتایا کہ یوریا کی بروقت فراہمی نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور زرعی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلیدہ میں یوریا کھاد کی فراہمی اور تقسیم کے معاملات کو جلد از جلد حل کیا جائے اور زمینداروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران بلیدہ میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ زمینداروں کے وفد نے علاقے میں دن کے اوقات میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سمیت امن و امان سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔کمشنر مکران نے ایس ایس پی کیچ اور متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وفد نے بلیدہ میں تعینات مقامی سول انتظامیہ کے عملے کی جانب سے ڈیوٹی پر حاضری اور سرکاری امور کی انجام دہی سے متعلق بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ کمشنر مکران نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری ملازمین اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔اجلاس میں میناز تا بیڈک زیرِ تعمیر پل کے منصوبے سے متعلق بھی زمینداروں اور مقامی افراد کے تحفظات زیرِ بحث آئے۔ وفد نے منصوبے کے حوالے سے بعض معاملات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے سٹی پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ پل کے منصوبے سے متعلق مقامی لوگوں کے تحفظات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور متعلقہ معاملات کو جلد حل کیا جائے تاکہ منصوبے کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔کمشنر مکران نے اجلاس میں واضح کیا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور زمینداروں، شہریوں اور دیگر طبقات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔اجلاس کے اختتام پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ بلیدہ کے زمینداروں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور آئندہ اجلاس میں اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *