عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق

کوئٹہ(اویب ڈیسک)معزز عدالت کے حکم نامے کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیرِ صدارت ٹریفک پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) اور پولیس کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں زرغون روڈ اور انسکمب روڈ پر تجاوزات کے مکمل خاتمے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں اہم شاہراہوں سے تمام تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں متعلقہ ادارے مشترکہ آپریشن کریں گے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے ٹریکٹرز اور ٹرالیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد طارق نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے شہر میں ٹریفک کی روانی، عوامی راستوں کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *