صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ کی مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملے کی شدید مذمت

کوئٹہ (این این آئی)صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔اپنے بیان بیان میں صوبائی وزیر خوراک نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ “یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ شہدا کے خون کے ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا”صوبائی وزیر نے جوڈیشل مجسٹریٹ جج طارق لاشاری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ امن و امان کو خراب کرنے والوں کے خلاف ریاست پوری قوت سے کارروائی کر رہی ہے۔حاجی نورمحمد خان دمڑ نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *