صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ کی ہرنائی میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ نے ضلع ہرنائی میں پیش آنے والے ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور اور پولیس تھانے پر حملے سمیت کھوسٹ کے نوجوان عمران بابڑ کے اغوا کے بعد قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ “ہرنائی کے علاقے پان غر میں عوامی سہولت کے لیے نصب ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو دھماکے سے تباہ کرنا اور ڈیلکونہ پولیس تھانے کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ اسی طرح خوست سے اغوا کے بعد نوجوان عمران بابڑ کو بے دردی سے قتل کرنا انسانیت سوز اقدام ہے۔ ایسے عناصربلوچستان کے امن، ترقی اور روایات کے دشمن ہیں۔”حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ “حکومت بلوچستان سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر قیمت پر پرعزم ہے۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔”انہوں نے ٹاوراور پولیس تھانہ حملے میں جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیلی کمیونیکیشن سروس کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ مقامی عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی وزیر نے خوست کے نوجوان عمران بابڑ کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کی۔ انہوں نے کہا “میں غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر شریک ہو ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔”صوبائی وزیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ ضلع ہرنائی کے تینوں واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ حکومت دہشت گردی اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کے قیام کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *