صفائی کی صورتحال ابتر، جراثیم کش سپرے نہ ہونے سے متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخو املی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کی بدترین صورتحال، کچرے کے بڑھتے ہوئے ڈھیر، جراثیم کش سپرے کے فقدان اور آوارہ و باولے کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی اور انتظامی ناکامی کے باعث صوبائی دارالحکومت صحت عامہ کے بحران سے دوچار ہے۔بیان میں کہا گیا کہ صفا پروجیکٹ اپنے بنیادی مقصد، یعنی شہر کی صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ شہر کی بیشتر شاہراہیں، بازار، رہائشی علاقے، تعلیمی اداروں کے اطراف اور گلیاں کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکی ہیں،گلی محلوں میں سوریج کا پانی بہہ رہا ہے لوگ پیدل چل نہیں سکتے جس سے شہریوں کی صحت بھی شدید خطرات سے دوچار ہے۔بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ مون سون اور گرمی کے موسم میں مچھروں اور دیگر بیماری پھیلانے والے جراثیم کے خاتمے کے لیے باقاعدہ سپرے نہ ہونے کے باعث ملیریا، ڈینگی، گیسٹرو اور دیگر متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اگر بروقت احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو شہر کو ایک سنگین صحت کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بیان میں آوارہ اور باولے کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہر کی سڑکوں، محلوں، پارکوں، بازاروں اور خصوصاً اسکولوں کے اطراف آوارہ کتے آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ متعدد شہریوں، بالخصوص بچوں، کے کتے کے کاٹنے کے واقعات نے والدین میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔متعلقہ اداروں کا مؤقف ہے کہ ان کے پاس ڈاگ شوٹرز، ضروری ادویات، ویکسین اور دیگر وسائل کی کمی ہے، جس کے باعث مؤثر کارروائی ممکن نہیں ہو رہی۔ اگر واقعی ادارے وسائل کی کمی کا شکار ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں فوری طور پر مطلوبہ فنڈز، افرادی قوت، آلات اور ادویات فراہم کرے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔بیان میں حکومت، ضلعی انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور صفا پروجیکٹ کے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ شہر میں فوری اور ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کی جائے، تمام علاقوں سے کچرے کے ڈھیر فوری طور پر اٹھائے جائیں۔ مچھروں اور بیماری پھیلانے والے جراثیم کے خاتمے کے لیے باقاعدگی سے جراثیم کش سپرے کیا جائے۔آوارہ اور باولے کتوں کے خاتمے کے لیے مؤثر، محفوظ اور انسانی تقاضوں کے مطابق مہم چلائی جائے۔بیان کے آخر میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے شہری صاف ستھرا، محفوظ اور صحت مند ماحول میں زندگی گزارنے کا آئینی حق رکھتے ہیں۔حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی اور اپنے شہر کا خیال رکھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *