سیدال خان کی ماہِ ربیع الاول کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد ، ڈپٹی چیئر مین

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ماہِ ربیع الاول کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ ہمارے لیے عقیدت، محبت اور روحانی وابستگی کا پیغام لے کر آتا ہے،ماہِ ربیع الاول ہمیں حضور اکرم ؐکی مبارک سیرت اور آپ? کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔اپنے بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ؐ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے عدل، برداشت، اخوت، مساوات اور حسنِ اخلاق کا روشن نمونہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ ؐ نے معاشرے میں کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ، انسانوں کے درمیان احترام اور باہمی تعاون کو بنیادی اہمیت عطا فرمائی،ہمیں چاہیے کہ اس مقدس مہینے کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں سیرتِ طیبہ کے اصولوں کو زیادہ مؤثر انداز میں اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے کو درپیش مختلف مسائل کا مقابلہ باہمی احترام، اتحاد اور رواداری کے جذبے کو فروغ دے کر کیا جا سکتا ہے، ماہِ ربیع الاول ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں جہاں محبت، بھائی چارہ، انصاف اور انسانی ہمدردی کو فروغ حاصل ہو، پاکستان کی ترقی اور استحکام بھی قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے اسی جذبے سے وابستہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی اکرم ؐ نے اپنی تعلیمات اور عملی کردار کے ذریعے انسانیت کو ایک ایسا جامع ضابطؐ حیات عطا فرمایا جس میں فرد کے حقوق کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی نمایاں مقام حاصل ہے۔ آپ ؐ کی سیرت ہمیں دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے، ضرورت مندوں کا سہارا بننے، مظلوم کی حمایت کرنے اور معاشرے میں امن و انصاف کے قیام کا درس دیتی ہے،ان اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے معاشرے میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول کے موقع پر ہمیں وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں،اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و اتفاق کی راہ اختیار کرنے اور پاکستان کو امن و خوشحالی کی منزل کی جانب آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام اہلِ اسلام کو ماہِ ربیع الاول کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *