سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کی اپ گریڈیشن، گنجائش 100 بستروں تک بڑھا دی گئی‘خواجہ آصف

سیالکوٹ(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال ڈسکہ روڈ سیالکوٹ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ منصوبے کے تحت ہسپتال کی گنجائش 50 سے بڑھا کر 100 بستروں تک کر دی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن سیالکوٹ کے فیکٹری ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لیے اہم اقدام ہے۔ سیالکوٹ میں لاکھوں افراد کا روزگار صنعتی اور فیکٹری کے شعبے سے وابستہ ہے، اس لیے مزدوروں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حکومت صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی برادری اور محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو جدید اور بروقت علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں۔ منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انہیں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سوشل سکیورٹی کے اداروں کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سیکرٹری لیبر دانش افضال، کمشنر پیسی ڈاکٹر ذوالفقار علی کھرل، ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم، مزدور نمائندگان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *