سعودی وزارت تجارت کا ڈسکاونٹ سیزن کا اعلان،یہ یکم اگست سے شروع ہو گا

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارتِ تجارت نے ڈسکاﺅنٹ سیزن 2026 شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جو یکم اگست سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ وزارتِ تجارت کے حوالے سے بتایا کہ تجارتی اشیا کو رعایتی نرخوں پر فروخت کرنے کے لیے کمرشل اداروں کو این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈسکاﺅنٹ سیزن خاص ہوگا جس سے دیگر سیزن متاثر نہیں ہوں گے جن میں رمضان المبارک اور عیدین سیل سیزن شامل ہیں۔ وزارت تجارت نے کہا کہ تاجر اور کمرشل ادارے وزارت کے مخصوص ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے سیلز پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اصل سیل پوائنٹ کی نشاندہی کرنے کے لیے بارکوڈ سکین کرکے یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ادارے کو سیل پرمٹ جاری کیا گیا ہے یا نہیں، کمرشل ادارے یا دکان کے این او سی کے علاوہ سیل کی نوعیت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ مملکت میں تجارتی قوانین کے مطابق کوئی بھی کمرشل ادارہ یا دکاندار باقاعدہ این او سی کے بغیر ”سیل“ کا بورڈ یا نوٹس نہیں لگا سکتا،اس کے لیے وزارتِ تجارت سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے جس میں سیل سے قبل کے نرخ اور سیل کے بعد ہونے والے نرخوں کا اندراج کرانا لازمی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *