سعودی عرب پر حملے اماراتی سلامتی و خوشحالی کیلئے خطرہ ہیں،مشیرِ اماراتی صدر

دبئی(انٹر نیشنل ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملے ہماری سلامتی اور خوش حالی کے لیے خطرہ ہیں۔دبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جنگ اور کشیدگی جاری رہنے کی صورت میں خطے کا مستقبل تعمیر نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر انور قرقاش کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بحران ختم کرنے کے لیے مذاکرات اور رابطے جاری رکھے جائیں۔اماراتی صدر کے مشیر نے ایران سے رابطے برقرار رکھنے کو کشیدگی ختم کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں اتفاق ہوا کہ ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا۔اماراتی صدر کے مشیر نے کہا کہ مستقبل کے لیے پہلا قدم حملے روکنا ہونا چاہیے، حملوں کے دوران مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاستی کنٹرول سے باہر ہتھیار خطے میں عدم استحکام کا سبب بنتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *