سبی میں یومِ شہدائے پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت

سبی (ویب ڈیسک) یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس سبی کی جانب سے پولیس لائن سبی میں شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز بعد از نمازِ فجر جامع مسجد پولیس لائن میں قرآن خوانی سے کیا گیا، جس میں شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔بعد ازاں پولیس لائن میں قائم یادگارِ شہداء پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدائے پولیس کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی سبی عبدالحمید، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد اشرف جمالی، آر آئی سید اقبال شاہ، لائن آفیسر منور شاہ، ایس ایچ او سٹی عبدالرؤف مرغزانی، ایس ایچ او صدر امداد حسین سمیت دیگر پولیس افسران نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی تقریب میں شہداء کے اہلِ خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ شرکاء نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی لازوال قربانیوں کو سراہ اس موقع پر ایس ایس پی سبی عبدالحمید نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، ان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور احترام و قدردانی کے طور پر ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ ایس ایس پی سبی کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی دریں اثنا، ڈی ایس پی بختیارآباد سرکل محمد آصف خجک، ایس ایچ او بختیار آباد جہانگیر خان سمیت دیگر پولیس افسران نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی جرات، بہادری، لازوال قربانیوں اور وطن کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *