Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
گوادر(ویب ڈیسک) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے شادی کور تا گوادر مین واٹر ٹرانسمیشن لائن کے راستے میں واقع متعدد دیہات اور گاؤں کو پانی کی فراہمی کے نئے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ منصوبے کے تحت شتنگی، کنڈا سول، چکولی سمیت دیگر دور دراز دیہی علاقوں کو شادی کور ٹرانسمیشن لائن سے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ جس سے ان علاقوں کے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہوگیا ہے۔افتتاح کے موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے انجینئر حاجی سید محمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ، اسسٹنٹ انجینئر کمبر کلمتی، انجینئر کامران اور پی اے ٹو ایم پی اے وسیم صمد سمیت علاقے کے عمائدین اور مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔اس موقع پر پی ڈی واٹر میرجان بلوچ نے بتایا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ان علاقوں کو پانی کی فراہمی کے لیے پائپ لائن بچھانے کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے، جس کے بعد متعدد نئے دیہاتوں کو شادی کور مین ٹرانسمیشن لائن سے باقاعدہ منسلک کرکے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ اس اقدام سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی دستیابی کے حوالے سے طویل عرصے سے درپیش مشکلات کے خاتمے میں مدد ملے گی۔کپر، نلینٹ اور ملحقہ علاقوں کے درجنوں دیہات پہلے ہی شادی کور ٹرانسمیشن لائن سے منسلک ہیں اور وہاں پانی کی فراہمی جاری ہے، جبکہ نئے دیہات گاؤں کو بھی مرحلہ وار اسی نظام سے جوڑ کر پانی کی فراہمی کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی بلکہ مقامی آبادی کو پانی کے حصول کے لیے طویل فاصلے طے کرنے اور متبادل ذرائع پر انحصار سے بھی نجات ملے گی۔ یہ اقدام گوادر کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو درپیش پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔بعد ازاں چیف انجینیئر حاجی سید محمد اور پی ڈی واٹر میرجان بلوچ نے چوڑ پمپنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا جہاں گوادر کو سپلائی ہونے والی پانی اور اسکی صورت حال کا جائزہ لیا۔