دالبندین میں زائد المیعاد ادویات برآمد ہونے پر متعدد میڈیکل اسٹورز سیل

دالبندین(این این آئی) اسسٹنٹ کمشنر دالبندین طاہر خان سنجرانی نے ڈرگ انسپکٹر نصیب اللہ مینگل کے ہمراہ دالبندین شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز کا تفصیلی معائنہ کیا۔معائنے کے دوران میڈیکل اسٹورز کے لائسنس، ادویات کے معیار اور ان کی مدتِ استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعدد میڈیکل اسٹورز سے زائد المیعاد ادویات برآمد ہوئیں، اسٹورز کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر طاہر خان کے مطابق یہ کارروائی عوامی صحت کے تحفظ اور شہریوں کو غیر معیاری و مضر ادویات سے محفوظ رکھنے کے لیے عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر طاہر خان سنجرانی نے میڈیکل اسٹور مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی میڈیکل اسٹور میں غیر تربیت یافتہ یا بغیر لائسنس عملہ پایا گیا تو نہ صرف میڈیکل اسٹور سیل کیا جائے گا بلکہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی صحت سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *