Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
آج ہم یومِ استحصالِ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم ان کی بہادری، ثابت قدمی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے ان غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے اس نے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ یہ اقدامات نہ تو اس تنازعے کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں۔گزشتہ سات برسوں سے لاکھوں کشمیری شدید پابندیوں کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جس نے ان کی روزمرہ زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے۔ خاندان غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، نوجوانوں کے لیے مواقع محدود ہیں اور معاشرے کو ایک طویل تنازعے اور عدم استحکام کا سامنا ہے۔ ان تمام مشکلات کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام انصاف کے حصول اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے جائز حق کے لئےثابت قدم ہیں۔پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، جب تک کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل سے جڑا ہوا ہے۔ میں بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، پر زور دیتا ہوں کہ وہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور اس دیرینہ تنازعے کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ پاکستان آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ مشکلات کے باوجود آپ کی ثابت قدمی اور حوصلہ ہمارے لیے باعثِ تحریک ہے۔ آپ تنہا نہیں ہیں۔ پاکستان کے عوام آپ کے جائز حقِ خود ارادیت کے حصول تک آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔اللہ تعالیٰ جموں و کشمیر کے عوام کو قوت، صبر اور استقامت عطا فرمائے اور انہیں انصاف اور امن کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔