جلیلہ حیدر کو عالمی اعزاز ملنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، کاشف حیدری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے معروف وکیل، انسانی حقوق کی کارکن اور سماجی رہنماء  جلیلہ حیدر کو 2026 کے باوقار رائٹ لائیولی ہْڈ ایوارڈ (Right Livelihood Award) سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلیلہ حیدر کا یہ عالمی اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ہزارہ قوم، بلوچستان اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ جلیلہ حیدر نے اپنی زندگی انسانی حقوق، انصاف، خواتین کے حقوق اور کمزور و محروم طبقات کے لیے آواز بلند کرنے میں صرف کی۔ وہ پاکستان کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل ہیں اور طویل عرصے سے نسلی و مذہبی امتیاز، صنفی ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قانونی اور سماجی جدوجہد کر رہی ہیں۔ رائٹ لائیولی ہْڈ فاؤنڈیشن کے مطابق ان کی خدمات کے نتیجے میں ہزاروں ایسے افراد کو قانونی مدد اور انصاف تک رسائی حاصل ہوئی جو معاشرے میں کمزور یا نظرانداز کیے جاتے ہیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ جلیلہ حیدر کی جدوجہد کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے صرف عدالتوں تک اپنی آواز محدود نہیں رکھی بلکہ عملی طور پر سڑکوں پر نکل کر بھی انسانی حقوق اور اپنی برادری کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔ 2018 میں ہزارہ قوم کے خلاف ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ان کی سات روزہ بھوک ہڑتال بھی ان کی جدوجہد کا نمایاں باب ہے۔ اس کے علاوہ وہ خواتین کی سیاسی و سماجی شمولیت، پسماندہ طبقات کے حقوق اور متاثرہ خاندانوں کی معاشی خودمختاری کے لیے بھی کام کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائٹ لائیولی ہْڈ ایوارڈ عالمی سطح پر انصاف، امن اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے اور اسے عام طور پر ”متبادل نوبیل“ بھی کہا جاتا ہے۔ جلیلہ حیدر کو یہ اعزاز انسانی حقوق کے دفاع، نسلی و صنفی امتیاز کے خلاف جدوجہد اور کمزور طبقات کے لیے مسلسل آواز اٹھانے پر دیا گیا ہے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ جلیلہ حیدر نے مشکل حالات، دھمکیوں اور مختلف دباؤ کے باوجود انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی، جو نئی نسل کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ ان کا یہ عالمی اعزاز اس بات کا اعتراف ہے کہ بلوچستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی عالمی سطح پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلیلہ حیدر کی جدوجہد نئی نسل کے لیے عزم، حوصلے اور استقامت کی مثال اور مشعلِ راہ ہے۔ کاشف حیدری نے جلیلہ حیدر کو ایک بار پھر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی مظلوم، محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کے لیے اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *