Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک)ویمن پارلیمنٹری کاکس، بلوچستان صوبائی اسمبلی، اسماء جتک اور ان کے خاندان کو گزشتہ کئی برسوں سے مبینہ طور پر درپیش دھمکیوں، جبری شادی کی کوششوں، اغوا، تشدد اور متعدد حملوں پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ویمن کاکس کے اراکین نے کہا کہ حال ہی میں اسماء جتک کے والد، ماسٹر عنایت اللہ جتک کا بہیمانہ قتل نہ صرف ان کے خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی سانحہ ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ تشویش اور قانون کی حکمرانی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ویمن پارلیمنٹری کاکس اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادی، اغوا، دھمکیوں اور خوف و ہراس کے ذریعے مرضی مسلط کرنے کی ہر کوشش کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول اور ناقابلِ برداشت ہے۔ ویمن پارلیمنٹری کاکس مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام مبینہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق شفاف تحقیقات کے بعد قرارِ واقعی سزا دی جائے۔ویمن پارلیمنٹری کاکس نے اس معاملے پر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ قائم رکھا ہے اور اپنی شدید تشویش سے انہیں بھی آگاہ کیا ہے۔ مزید برآں، بلوچستان صوبائی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں بھی اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا گیا، جس پر جناب اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی نے اپنی رولنگ کے ذریعے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کو ہدایت کی کہ تمام مبینہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، قانون کے مطابق مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے، اور اس ضمن میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیر تک بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے۔ویمن پارلیمنٹری کاکس حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لینے کو سراہتی ہے۔ کاکس اس معاملے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مقدمے کی تفتیش اور قانونی کارروائی کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے، ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، اور متاثرہ خاندان کو بروقت تحفظ اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جا سکے۔ویمن پارلیمنٹری کاکس اسماء جتک اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ انصاف کی فراہمی تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ، قانون کی حکمرانی کے استحکام اور ایک محفوظ، منصفانہ اور جوابدہ بلوچستان کے قیام کے لیے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کرتی ہے۔