Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
اوتھل (ویب ڈیسک) قومی شاہراہ پر موت کا سفر،ایرانی تیل بردار موٹر سائیکلوں کی بے لگام نقل و حرکت پر شہریوں کا شدید اضطراب، انتظامیہ سخت نوٹس لے، تفصیلات کے مطابق لسبیلہ میں قومی شاہراہ پر دلخراش ٹریفک حادثات کے تسلسل اور جانی نقصان کے باوجود ایرانی پیٹرول سے لدی موٹر سائیکلوں کی کھلم کھلا آمدورفت جاری ہے۔ اس خطرناک صورتحال نے سنگین حفاظتی سوالات کو جنم دے دیا ہے جبکہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی محض تماشائی کا منظر پیش کر رہی ہے۔حالیہ دنوں میں اوتھل زیرو پوائنٹ اور وندر کے قریب پیش آنے والے ہولناک حادثات نے ایک بار پھر اس امر کو اجاگر کیا ہے کہ شاہراہِ عام کو آتش گیر مادے کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے دندناتی ہوئی گزرگاہ بنا دیا گیا ہے۔ لسبیلہ کے خطے میں ماضی میں بھی مسافر کوچز اور تیل بردار موٹر سائیکلوں کے تصادم کے نیتجے میں المناک سانحات رونما ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ جون 2024 میں اوتھل کے قریب پیش آنے والے ایسے ہی ایک تباہ کن حادثے میں تین افراد لقمہ اجل بنے تھے جبکہ 12 مسافر شدید زخمی ہوئے تھے۔ملک کی اس اہم تجارتی و مسافر شاہراہ پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مسافر کوچز، بڑی مال بردار گاڑیاں اور فیملیز سفر کرتی ہیں۔ اس کثیر ٹریفک کے درمیان انتہائی آتش گیر ایرانی پیٹرول کو غیر محفوظ طریقوں سے موٹر سائیکلوں پر لاد کر لانا کسی بھی وقت ایک بڑے انسانی المیے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک چھوٹی سی چنگاری سینکڑوں معصوم جانوں کو خاکستر کرنے کے لیے کافی ہے، اس کے باوجود زمینی حقائق یہ ہیں کہ قانون کی رٹ مکمل طور پر معطل نظر آتی ہے۔عوامی حلقوں، سول سوسائٹی اور روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے مسافروں نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن، DIG لسبیلہ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، SSP لسبیلہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا دوٹوک مؤقف ہے کہ سانحات کے بعد صرف روایتی مذمتی بیانات اور امدادی کارروائیوں کے اعلانات کا کوئی فائدہ نہیں، بلکہ اصل ضرورت اس ناسور کے تدارک اور موثر مانیٹرنگ کی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ N-25 شاہراہِ پر انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اس خطرناک کھیل کا فوری سدباب کے لیئے مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ قومی شاہراہ کو محفوظ سفری کوریڈور بنایا جا سکے۔