12 ربیع الاول جیسے اہم مذہبی موقع پر امن و امان کا قیام ایک بڑی ذمہ داری تھی، جسے بلوچستان پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور انداز میں نبھایا،معاونِ برائے داخلہ بلوچستان بابر خان یوسفزئی

کوئٹہ(اویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی خصوصی ہدایات پر 12 ربیع الاول کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع، مؤثر اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں عید میلاد النبی ﷺ کے مذہبی جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔معاونِ برائے داخلہ بلوچستان بابر خان یوسفزئی نے 12 ربیع الاول کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی اور قابلِ تعریف انتظامات کیے گئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی ذمہ داری، فرض شناسی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے، جس پر وہ پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران و اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12 ربیع الاول سے قبل ہی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا تھا، جس کے تحت مذہبی جلوسوں کے روٹس، اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور دیگر اہم تنصیبات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار پوری ذمہ داری کے ساتھ مختلف مقامات پر تعینات رہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دن بھر شدید ذمہ داری اور الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دیے اور جلوسوں کے شرکاء، شہریوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی۔ جلوسوں کے روٹس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں، اہم مقامات اور حساس پوائنٹس پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کوئٹہ کے مرکزی جلوس میں شریک ہوئے اور موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے افسران و جوانوں کی موجودگی، مستعدی اور پیشہ ورانہ اندازِ کار قابلِ ستائش تھا۔ اہلکاروں نے نہ صرف مذہبی جلوسوں کے روٹس پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں بلکہ عوام اور جلوس کے شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔معاونِ برائے داخلہ نے کہا کہ 12 ربیع الاول جیسے اہم مذہبی موقع پر امن و امان کا قیام ایک بڑی ذمہ داری تھی، جسے بلوچستان پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور انداز میں نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ صوبے میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے، جو سیکیورٹی اداروں کی بہترین حکمتِ عملی، باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ مذہبی تہواروں اور عوامی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ وہ بلوچستان پولیس، ایف سی، انتظامیہ اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے فرائض انتہائی جانفشانی، بہادری اور ذمہ داری سے انجام دیے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بھی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ شہریوں، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، جلوس کے منتظمین اور تمام شرکاء کے بھی شکر گزار ہیں۔ باہمی تعاون، نظم و ضبط اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہترین کارکردگی کے باعث عید میلاد النبی ﷺ کا یہ مقدس موقع بلوچستان بھر میں امن، عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *