امریکہ اور ایران کو دوبارہ اسلام آباد معاہدے کی طرف لانے کی کوشش کر رہے ہیں: پاکستان

اسلام آباد [ویب ڈیسک]پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور پاکستان بھرپور کوشش کر رہا ہے کہ فریقین کو دوبارہ اسلام آباد معاہدے کی طرف لایا جا سکے۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ گذشتہ چند روز کے نسبتاً پُرسکون ماحول کے باوجود خطے کی سکیورٹی کی صورت حال اب بھی نازک ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’اس نسبتاً امن سے یہ امید پیدا ہوئی تھی کہ یہ مثبت پیش رفت ایک پائیدار اور مکمل طور پر قابلِ احترام جنگ بندی کی صورت اختیار کرے گی اور مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدگی کے درمیان پاکستان اس مؤقف کا اعادہ کرتا ہے کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔’ہم ایران اور امریکہ کے درمیان لڑائی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے متحرک ہے اور اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انھوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان صورت حال کو معمول پر لانے خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورت حال کو بہتر بنانے اور کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔’ہم اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں تاکہ فریقین کو دوبارہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف لایا جا سکے، تاکہ اسلام آباد معاہدے اور پاکستان۔قطر مشترکہ اعلامیے کی روح کے مطابق تمام رکاوٹوں اور اختلافی نکات کو دور کیا جا سکے۔طاہر اندرابی نے فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے عزم پر مکمل طور پر قائم رہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *