آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات مکمل طور پر صاف،شفاف،آزاد اور غیر جانبدار ماحول میں منعقد ہوئے، راجہ جاویداخلاص

گوجر خان(ویب دیسک)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات مکمل طور پر صاف،شفاف،آزاد اور غیر جانبدار ماحول میں منعقد ہوئے، اس لیے دھاندلی کے الزامات لگانے والے اپنی سیاسی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں،آزاد کشمیر کی حکومت اور انتظامیہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ایسے میں پاکستان مسلم لیگ (ن)پر دھاندلی کا الزام حقائق کے منافی ہے۔این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں ہر انتخابی شکست کے بعد دھاندلی کا بیانیہ اختیار کر لیتی ہیں،حالانکہ جمہوریت کا حسن عوامی فیصلے کو تسلیم کرنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انتخابی نتائج پر غیر ضروری تنازعات اور سیاسی محاذ آرائی ہمیشہ قومی نقصان کا باعث بنتی رہی ہے۔انہوں نے برصغیر کی سیاسی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1970 کے عام انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران،نتائج پر اختلافات اور اقتدار کی منتقلی میں تعطل نے پاکستان کو ایک بڑے قومی سانحے سے دوچار کیا۔انہوں نے کہا کہ آج تمام سیاسی قوتوں کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے عوامی مینڈیٹ،آئین اور جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیے تاکہ قومی استحکام اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے باشعور عوام نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کا اعتماد پاکستان مسلم لیگ (ن)کی خدمت، کارکردگی اور عوامی سیاست پر ہے۔ انہوں نے انتخابات میں مسلم لیگ(ن)کی نمایاں کامیابی پر قائد محمد نواز شریف،وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، تمام کامیاب امیدواروں، کارکنان اور بالخصوص حلقہ جموں 6 ایل اے-39 سے کامیاب امیدوار راجہ صدیق کو دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ عوام نے ترقی، استحکام اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انشاءاللہ مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرے گی اور عوامی خدمت کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھائے گی۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ حلقہ جموں 6 ایل اے39سے راجہ صدیق کی کامیابی عوام کے بھرپور اعتماد،پارٹی کارکنوں کی شبانہ روز محنت اور مسلم لیگ (ن)کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل،تعمیر و ترقی اور خطے کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *