شاہرااہ کی بندش سے شہری شدید اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں،خصوصاً مریضوں اور ضرورت مند افراد کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(یویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے وقائد حق دو تحریک گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے شہری شدید اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں،خصوصاً مریضوں اور ضرورت مند افراد کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔گوادرسمیت کسی جگہ کسی کی جانب سے بلاوجہ شاہراہ بندکرنا شاہراہوں پرلوٹ مارکرنا،ٹرکوں کوجلاناکرنابے گناہ لاتعلق افرادکوتنگ کرناقابل مذمت ہے یہ سب اداروں وحکومت کے مظالم سیکورٹی فورسز کی ناکامی کی وجہ سے ہورہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادرمیں تقاریب سے خطاب اوروفودسے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیاانہوں نے کہا کہ3جولائی کو پانوان، جیونی میں پیش آنے والے حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر ہمیں افسوس ہے اور ہم نے اس واقعے کی مذمت بھی کی تھی۔ تاہم اس واقعے کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لیکن اس کے باوجود جیونی کی مین شاہراہ تاحال بند ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی مسلسل بندش نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مریضوں کو علاج کے لیے گوادر اور دیگر علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ روزمرہ ضروریات کے لیے سفر کرنے والے شہری بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے بارہا یہ کہا جاتا ہے کہ مین شاہراہیں بند نہیں کی جائیں گی، لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے اور جیونی کی مین شاہراہ اب بھی بند ہے۔انہوں نے بطور عوامی نمائندہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ مین شاہراہوں کو طویل عرصے تک بند رکھنا عوام کے مفاد میں نہیں۔ جو لوگ شاہراہیں بند کرکے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رہے ہیں، وہ ملک اور عوام کے خیرخواہ نہیں بلکہ حالات کو مزید خرابی کی طرف لے جانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ وہ 14 اگست تک سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صورتحال کو برداشت کریں گے، تاہم اگر اس کے چوبیس گھنٹے بعد بھی جیونی کی مین شاہراہ بند رہی تو وہ بطور عوامی نمائندہ عوام کے ساتھ مل کر پانوان کے مقام پر جیونی شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے، جیونی کی مین شاہراہ کھولی جائے اور عوام کو آزادانہ اور محفوظ آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے#

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *