راجے گزر کے لیے جاری 300 کے قریب نئی انٹریاں نامنظور، میرٹ پر حقداروں کو انٹری دی جائیں، حاجی میر عنایت اللہ نوتیزئی

دالبندین(ویب ڈیسک)دالبندین بابائے چاغی پینل کے سرکردہ رہنما حاجی میر عنایت اللہ خان نوتیزئی نے گزشتہ روز راجے گزر کے لیے جاری کی جانے والی 300 کے قریب نئی انٹریوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انٹریوں کی تقسیم شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔اپنے ایک جاری کردہ بیان میں حاجی میر عنایت اللہ خان نوتیزئی نے کہا کہ سنجرانی پینل کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے من پسند افراد میں تقسیم کی جانے والی نئی انٹریاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ تمام متعلقہ اربابِ اختیار فوری طور پر جاری کردہ ناموں کا جائزہ لیں اور اگر کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر منصفانہ تقسیم سامنے آئے تو ایسی انٹریاں منسوخ کرکے حقیقی حقدار اور مستحق افراد کو میرٹ کی بنیاد پر ان کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام نے کئی سال کی جدوجہد اور انتظار کے بعد 300 انٹریاں حاصل کی ہیں، تاہم اگر ان انٹریوں کی تقسیم سیاسی وابستگی، ذاتی پسند و ناپسند یا کسی اور بنیاد پر کی گئی تو یہ عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔حاجی میر عنایت اللہ نوتیزئی نے کہا کہ انٹریاں کسی طاقتور شخصیت یا سیاسی رہنما کی جاگیر نہیں بلکہ غریب اور حقدار عوام کا حق ہیں۔ بابائے چاغی پینل عوام کی آواز ہے اور عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انٹریوں کی تقسیم میں انصاف اور میرٹ کے تقاضے پورے نہ کیے گئے تو عوام اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، اور احتجاج کا رخ راجے گزر اور ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کی جانب کیا جا سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اربابِ اختیار پر عائد ہوگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ راجے گزر کے لیے جاری کی جانے والی تمام نئی انٹریوں کی شفاف طریقے سے دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے اور حقیقی حقداروں کو میرٹ کی بنیاد پر ان کا حق دیا جائے، تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *