Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں خانوزئی تا سپیرہ راغہ روڈ کی تعمیر میں طویل تاخیر، اس ترقیاتی منصوبے میں بدترین غفلت اور متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خانوزئی سے سپیرہ راغہ جانے والی سڑک، جو لورالائی جانے کیلئے کم فاصلے کا راستہ ہے، گزشتہ کئی برسوں سے نامکمل پڑی ہوئی ہے۔ انتہائی افسوس ناک امر یہ ہے کہ منصوبے کا ٹھیکیدار تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو چکا ہے، جبکہ متعلقہ سرکاری ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس مجرمانہ غفلت کا خمیازہ علاقے کے ہزاروں شہری روزانہ کی بنیاد پر بھگت رہے ہیں، جنہیں آمد و رفت، تعلیم، صحت اور کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ 2012ء سے تعطل کا شکار ہے، جو متعلقہ حکام کی نااہلی، عدم دلچسپی، ناقص منصوبہ بندی اور کمزور نگرانی کا واضح ثبوت ہے۔ اس شاہراہ کی تکمیل سے قلعہ سیف اللہ کے موجودہ راستے کے مقابلے میں تقریباً پچپن کلومیٹر فاصلہ کم ہو جائے گا، جس سے عوام کے قیمتی وقت، ایندھن اور سفری اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر محض ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ پورے علاقے کی معاشی، تجارتی، تعلیمی اور سماجی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس شاہراہ کی تکمیل سے ہزاروں شہریوں کو تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، منڈیوں اور دیگر بنیادی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جبکہ مقامی تجارت، زراعت، کاروبار اور روزگار کے مواقع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ بدقسمتی سے بلوچستان میں بیشتر ترقیاتی منصوبے سیاسی مداخلت، کرپشن، ناقص منصوبہ بندی، کمزور نگرانی اور انتظامی غفلت کے باعث برسوں سے نامکمل پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف قومی وسائل ضائع ہو رہے ہیں بلکہ عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ حکومت کی عدم توجہی اور غیر سنجیدہ طرزِ عمل نے عوام میں شدید بے چینی اور احساسِ محرومی کو جنم دیا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے اعلیٰ حکام، متعلقہ وزیر، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور حکومتِ بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ خانوزئی تا سپیرہ راغہ روڈ منصوبے کا فوری نوٹس لیں، تعمیراتی کام بند کرنے کے ذمہ دار ٹھیکیدار اور متعلقہ افسران کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں، منصوبے کے لیے درکار فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں اور سڑک کی تعمیر کا کام بلا تاخیر دوبارہ شروع کرکے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ خانوزئی، سپیرہ راغہ اور گرد و نواح کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے اس اہم شاہراہ کی تکمیل کے منتظر ہیں، مگر حکومتی عدم توجہی نے عوامی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ علاقے کے طلبہ، مریض، تاجروں، کسانوں اور سرکاری ملازمین کو روزانہ کی بنیاد پر دشوار گزار راستوں اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث ان کی معاشی اور سماجی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ اگر اس اہم عوامی منصوبے پر فوری اور عملی پیش رفت نہ کی گئی تو پارٹی متاثرہ عوام کے ساتھ مل کر ہر جمہوری، آئینی اور قانونی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے مؤثر احتجاجی لائح? عمل اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔