خیبرپختونخوا میں بارش میں 5دنوں میں خواتین ، بچوں سمیت 26افراد جاں بحق

پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے میدانی و بالائی اضلاع میں گزشتہ 5دنوں کے دوران ہونے والی بارش کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 26افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوئے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بارش کے دوران جاں بحق 26افراد میں دو خواتین اور 4بچے شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارش اور سیلاب سے اب تک 65گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 41گھروں کو جزوی جبکہ 24 گھر مکمل منہدم ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر، چترال لوئر، دیر لوئر، مانسہرہ، مردان، پشاور، شانگلہ، صوابی، دیر اپر اور کوہستان اپر میں پیش آئے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *