آبنائے ہرمز میں مال بردار جہاز پر حملہ، خوفناک آگ بھڑک اٹھی،انجینئر لاپتا

مسقط(انٹرنیشنل ڈیسک)آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحل کے نزدیک ایک مال بردار جہاز نامعلوم پروجیکٹائل حملے کا نشانہ بن گیا جس کے بعد عملے کو جہاز چھوڑنا پڑا جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جس تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا اس پر لائبیریا کا پرچم لہرا رہا تھا اور وہ بلک کیریئر ”منوآن پائنیئر“پر آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔میری ٹائم سیکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ اس حملے سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور عملے نے جہاز سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وین گارڈ کے مطابق نامعلوم پروجیکٹائل جہاز کے انجن روم سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں عملے کے رہائشی حصے میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔پہلے تو عملے نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی کی صورت میں انخلا پر مجبور ہوئے۔ جہاز کا تھرڈ انجینئر لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد خطے میں کام کرنے والے میری ٹائم سکیورٹی اداروں نے قریبی جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ امدادی اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ جہاز کی مدد کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث عالمی شپنگ کمپنیوں اور توانائی کی منڈیوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کا تقریباً 20فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا اہم راستہ سمجھی جاتی ہے اس لیے یہاں کسی بھی حملے کے عالمی تجارت اور تیل کی قیمتوں پر فوری اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *