واقعہ کربلا حق، صداقت، ظلم کے خلاف جدوجہد اور دینِ اسلام کی سربلندی کا عظیم درس ہے، جس کی تعلیمات آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ نکالے گئے۔ واقعہ کربلا حق، صداقت، ظلم کے خلاف جدوجہد اور دینِ اسلام کی سربلندی کا عظیم درس ہے، جس کی تعلیمات آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے چہلمِ شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی چہلم کے موقع پر دو بڑے جلوس نکالے گئے، جن میں ہزارہ ٹاؤن سے برآمد ہونے والے جلوس میں 20 دستے جبکہ علمدار روڈ سے برآمد ہونے والے جلوس میں 21 دستے شریک ہوئے۔ عزاداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے سیدالشہداء حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کاشف حیدری نے کہا کہ چہلم کے موقع پر امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مؤثر اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ تاجر برادری نے بھی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جلوس کے روٹس پر واقع دکانوں کی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیشگی سیلنگ کے عمل میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے عہدیداران اور ممبران نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن اور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم سے چہلم تک منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے باعث تمام پروگرام پْرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کے جلوسوں اور مجالس کے لیے بھی سیکیورٹی کے مؤثر اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ کاشف حیدری نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام مکاتبِ فکر باہمی احترام، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیں تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا اسی طرح برقرار رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *