پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں ہر پاکستانی کیلئے قابل احترام رہیں گی، صدر ، وزیر اعظم 

 اسلام آباد (ویب ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں ہر پاکستانی کیلئے قابل احترام رہیں گی، پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دے رہی ہے،شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ یوم شہدائے پولیس پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دے رہی ہے، ہدفی کارروائیوں کے دوران اعلی پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے جرائم پیشہ اور انتہا پسند عناصر کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ ہمارے پولیس اہلکار معصوم جانوں کے تحفظ، قانون کی بالا دستی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بے مثال قربانیوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے ہمارے پولیس افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی بہادری اور قربانیوں کا دل کی گہرائیوں سے معترف ہوں، دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کا موثر اور فیصلہ کن کردار قومی سطح پر قابل ستائش ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کو پوری قوم انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان معزز خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پولیس سے وابستہ اداروں کو مضبوط، جدید اور موثر بنایا جائے گا، اس مقصد کے لیے بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں اعتماد، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں پاکستان پولیس کے ان بہادر سپوتوں اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر، اعلی پیشہ ورانہ اقدار کے ساتھ، وطن کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس ہمارے معاشرتی ڈھانچے کا ایک بنیادی ستون ہے، وہ نہ صرف قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے محافظ ہیں بلکہ عوام کے اعتماد، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے بھی امین ہیں، ان کی انتھک خدمات وہ استحکام فراہم کرتی ہیں جس پر خاندانوں، کاروباری سرگرمیوں اور قومی اداروں کی ترقی و خوشحالی استوار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جب اس حقیقت کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ ایک محفوظ، پرامن اور منصفانہ معاشرہ ہی قومی ترقی اور اجتماعی خوشحالی کی بنیاد ہے، ہم اپنی پولیس فورس کے ان بہادر افسران اور اہلکاروں کے بے لوث جذبے، غیر معمولی جرات اور اعلی پیشہ ورانہ خدمات پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستانی عوام کا مستقبل محفوظ ہے۔یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جان نچھاور کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہےاور غیر متزلزل عزم کامظاہرہ کیا ہے جو لائق تحسین ہے، پولیس کے شہدا کی ناقابل فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم شہدائے پولیس پر ہم اپنے شہدا کے اہل خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی خصوصی سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں، شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے حکومت کوشاں ہے، اس مقدس قومی ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے حکومت پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی دفاع وطن کی خاطر بے مثال قربانیوں کی یاد میں آج ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ پولیس کو اپنی اہم قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لئے انہیں درکار جدید وسائل سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے ناسور کے مکمل خاتمے اور اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کے شایان شان ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کاوشوں اور پختہ عزم کا اعادہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *