آئی جی خیبر پختونخوا کا کبل خودکش حملے کی تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی قائم کرنے کا اعلان

سوات (ویب ڈیسک)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کبل خودکش حملے کی تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد دوبارہ منظم نہیں ہونے دیں گے۔ پیر کو آئی جی خیبرپختونخوا نے سوات کا دورہ کیا اور کبل پولیس سٹیشن میں ہونے والے خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی سیدو شریف اسپتال میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کبل خودکش حملے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر نے حملے، تحقیقات اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن سید فداحسن شاہ، ڈی پی او سوات محمد عمر، ڈی پی او اپر سوات مشتاق احمد خان اور دیگر اعلی پولیس افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ کبل پولیس اسٹیشن خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی تاکہ واقعے کے تمام پہلوﺅں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے لواحقین کو شہدا پیکج فراہم کیا جائے گا اور زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے سے قبل خطرات کی اطلاعات موجود تھیں، اسی لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پولیس جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر خودکش حملہ آور کو مرکزی مقام تک پہنچنے سے روکا، جس کے نتیجے میں دھماکہ بیرونی حصے میں ہوا اور بڑے نقصان سے بچا ممکن ہوا۔ آئی جی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبے میں ایک اور خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاعات بھی ہیں، جس کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ اپنی تشکیل بدلتے رہتے ہیں اور ایک جگہ پر نہیں رہتے، تاہم پولیس ان کا مسلسل تعاقب کر رہی ہے اور انہیں دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا جا چکا ہے اور اس کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کا مثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں، غیر ضروری ہجوم اور اجتماعات سے گریز کریں، مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *