عراقی سرزمین سے ہونے والے کسی بھی حملے کا جواب دیا جائے گا، شام اور اردن کی تنبیہ شام کو نشانہ بنانے والی کسی بھی کارروائی کے لیے عراقی سرزمین کے استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، عراقی سیاسی ذریعہ

بغداد(این این آئی)علاقائی کشیدگی کے تناظر میں شامی حکام نے عراق کو دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی پٹی کے قریب ایران نواز ملیشیاﺅں کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے کے بعد آگاہ کیا ہے کہ عراقی سرزمین سے شروع ہونے والے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔یہ معلومات ایک عراقی سیاسی ذریعہ نے عرب ٹی وی کو فراہم کیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شام نے عراقی حکام سے براہ راست رابطہ کر کے یہ تنبیہ پہنچائی اور مطالبہ کیا کہ شام کو نشانہ بنانے والی کسی بھی کارروائی کے لیے عراقی سرزمین کے استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔یہ تنبیہات اردن کے ایسے ہی موقف کے ساتھ سامنے آئی ہیں جہاں ایک اردنی سرکاری ذریعہ نے بتایا کہ عمان نے بغداد کو مطلع کر دیا ہے کہ اگر اردنی سرزمین پر حملے ہوئے تو وہ ایران نواز ملیشیاں کو نشانہ بنائے گا۔ ذریعہ نے بتایا کہ عمان نے بغداد کو ایران نواز ملیشیاﺅں کی جانب سے اردنی سرزمین کو نشانہ بنانے کے منصوبوں کے بارے میں معلومات سے آگاہ کیا ہے۔ ذریعہ کا کہنا تھا کہ اردن نے عراقی فریق کو بتا دیا ہے کہ وہ ان گروہوں کی جانب سے اپنی سرزمین کے خلاف کیے جانے والے کسی بھی حملے کا عسکری جواب دے گا۔ذریعہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اردن کو عراقی حکام سے توقع ہے کہ وہ ان ملیشیاﺅں کو روکنے اور اس کی سکیورٹی کو نشانہ بنانے والے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ اردن اور شام کی یہ تنبیہ ایسے وقت میں آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان تصادم اور عراق پر اس کے اثرات پھیلنے کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *