عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان

ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر اور ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجھوتھا کے احکامات پر جعفرآباد کے ہیڈ کوارٹر شہر ڈیرہ اللہ یار میں عوامی شکایات کے ازالے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے کھل کر اپنے مسائل پیش کیے، ڈسٹرکٹ کونسل ہال ڈیرہ اللہ یار میں منعقدہ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی سرکل طالب حسین لاشاری، ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار جاوید احمد کھوسہ، ایس ایچ او حفیظ آباد عیسیٰ جان کھوسہ، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نظر حسین کھوسہ سمیت دیگر پولیس افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران شہری اتحاد اور تاجر برادری کے نمائندوں نے سیف سٹی پروجیکٹ، ٹریفک مسائل اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کیا۔ شہری اتحاد کے رہنماؤں محمد طاہر عمرانی، کامریڈ ظہور کھوسہ اور حاجی عبدالستار کھوسہ نے سیف سٹی منصوبے پر فوری پیش رفت کا مطالبہ کیا، دوسری جانب انجمن تاجران کے رہنما محمد انور ابڑو اور صرافہ یونین کے صدر مختیار لغاری نے دکانوں میں چوری اور اسٹریٹ کرائم کے بڑھتے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان نے شہریوں کے مسائل کو جائز قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں گشت میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا ہے تاکہ مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *