Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(این این آئی ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں گیس بھر جانے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثے اور اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ، افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے کہ یہ افسوسناک سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے صوبے کے عوام کے لیے ایک عظیم انسانی المیہ ہے، جس نے ہر باشعور انسان کو غمزدہ کر دیا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اس کرب اور آزمائش کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ پارٹی قیادت نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ شہدائ کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبے کی کوئلہ کانوں میں بار بار پیش آنے والے المناک حادثات اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ کان کنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مقررہ حفاظتی اصولوں اور بین الاقوامی مائننگ سیفٹی معیارات پر مو ¿ثر انداز میں عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ ہزاروں محنت کش مزدور انتہائی خطرناک حالات میں اپنے اہلِ خانہ کے لیے روزی کمانے پر مجبور ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی غفلت، ناقص نگرانی اور حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث ہر چند ماہ بعد ایسے اندوہناک واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ کان کن صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ انہیں بنیادی سہولیات، مناسب حفاظتی آلات اور محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جا رہا۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ محنت کشوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت، محکمہ مائنز اینڈ منرلز، چیف انسپکٹر آف مائنز اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک حادثے کی شفاف، غیر جانبدار اور فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، اور صوبے کی تمام کوئلہ کانوں میں حفاظتی اقدامات، گیس مانیٹرنگ سسٹم، جدید ریسکیو سہولیات اور حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کو فوری اور مناسب مالی معاوضہ دیا جائے، متاثرہ خاندانوں کی مستقل کفالت، بچوں کی تعلیم اور زخمیوں کے مفت علاج کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ پریس ریلیز کے اختتام پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے کے محنت کش کان کنوں کے جان، روزگار، تحفظ اور بنیادی حقوق کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور ایسے المناک سانحات کی روک تھام کے لیے مو ثر قانون سازی اور مضبوط حفاظتی نظام کے نفاذ کا مطالبہ جاری رکھے گی۔