حکومت بلوچستان تعلیمی شعبے کی مضبوطی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے،نوابزادہ میر طارق مگسی

گنداواہ(ویب ڈیسک) مگسی ہاؤس کوئٹہ میں سینئر صوبائی وزیر بلوچستان نوابزادہ میر طارق خان مگسی کی زیرِ صدارت ضلع جھل مگسی کے تعلیمی شعبے سے متعلق ایک اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھل مگسی محترمہ قرۃالعین مگسی نے ضلع بھر کے تعلیمی منظرنامے، محکمانہ کارکردگی، انتظامی چیلنجز، تعلیمی منصوبوں اور نظامِ تعلیم کی مؤثر اصلاح کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔ملاقات میں میر مہر اللہ خان مگسی، پرسنل سیکرٹری ممتاز علی مگسی، عبدالرحیم مگسی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نوابزادہ میر طارق خان مگسی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی فکری بنیاد اور پائیدار ترقی کی ضامن ہے، لہٰذا حکومت بلوچستان تعلیمی شعبے کی مضبوطی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع جھل مگسی میں تعلیمی معیار کی بلندی، ادارہ جاتی استحکام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں شفافیت اور احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ اہلیت کو ہر فیصلے کی بنیاد بنایا جائے گا تاکہ تدریسی نظام مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بن سکے۔نوابزادہ طارق خان مگسی نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ضلع جھل مگسی کے لیے ایک سرکاری سکول بس فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ گنداواہ کے لیے بھی آئندہ چند روز میں ایک نئی سرکاری بس مہیا کی جائے گی، جس سے طلبہ، اساتذہ اور دور دراز علاقوں کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ملاقات کے اختتام پر ضلع جھل مگسی میں تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تدریسی معیار میں بہتری لانے، سکولوں کی استعداد کار بڑھانے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اور موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *