ژوب دانش اسکول کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں، پشتونخوامیپ

ژوب (ویب ڈیسک)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ژوب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ژوب میں دانش اسکول کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، جس پر پورے علاقے کے عوام نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس منصوبے کو علاقے کی تعلیمی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ کلی ویالہ کے معزز عمائدین نے دانش اسکول کے قیام کے لیے انتہائی فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمین وقف کی، جس کے بعد باقاعدہ طور پر عمارت کی تعمیر کا آغاز ہوا۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ تعمیراتی کام کا تقریباً نصف حصہ مکمل ہو چکا ہے۔تاہم، انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض نادیدہ قوتوں کی جانب سے اس عوامی فلاحی منصوبے کی تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، جس کے باعث تعمیراتی کام متاثر ہو رہا ہے۔ یہ نہ صرف علاقے کے عوام بلکہ آنے والی نسلوں کے تعلیمی مستقبل کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ان عناصر کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ دانش اسکول کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے سے گریز کریں،کوئی رکاوٹ قابل قبول نہیں۔اور اس اہم تعلیمی منصوبے کو بروقت اور مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچنے دیں۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور عوامی مفاد کے اس منصوبے کو کسی بھی قسم کی مداخلت یا تاخیر سے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔پارٹی نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں اور دانش اسکول کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ ضلع ژوب کے طلبہ و طالبات جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *