دہشت گردوں کے حملے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اورانکے گن مین کی شہادت قابل مذمت ہے ،واقعہ کے خلاف بلوچستان بار کونسل 2روزہ عدالتی ہڑتال اور 3روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے ، بلوچستان بار کونسل

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان بار کونسل نے مستونگ میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اورانکے سیکورٹی گارڈ کی شہادت اور ایڈیشنل سیشن جج کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ حملہ ن صرف عدلیہ بلکہ قانون کی حکمرانی اور نظام انصاف پر بھی حملہ ہے اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے والے معزز ججز کو نشانہ بنانا ایک ناقابل برداشت دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بلوچستان بار کونسل شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے جبکہ زخمی ایڈیشنل سیشن جج کی جلد اورمکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں وکلاءبرادری عدلیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اس المناک واقعہ کے خلاف احتجاج شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے اور زخمی جج سے اظہار یکجہتی کیلئے بلوچستان بار کونسل پورے صوبے میں 2روزہ عدالتی ہڑتال اور 3روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے ۔بیان میںبلوچستان بار کونسل تمام وکلاءسے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ہڑتال میں بھر پور شرکت کریں اورانتہائی ہنگامی نوعیت کے مقدمات کے علاوہ عدالتوں میں پیش نہ ہوں بلوچستان بار کونسل حکومت بلوچستان اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ججز ،وکلاء،عدالتی عملے اور عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری ،موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی ہے جس کا سدباب ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اس سفاک حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے بلوچستان بار کونسل اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وکلاءبرادری دہشت گردی کے خلاف اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے ہمیشہ متحد رہے گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *