افسران عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور احسن طریقے سے ادا کریں،ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل

نصیرآباد(این این آئی) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے آج مختلف محکموں کے افسران سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عابد علی رند اور ایکسین واپڈا وریام منجھو سمیت متعلقہ افسران موجود تھے اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عابد علی رند نے اپنے محکمے کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں سوشل ویلفیئر کے تحت مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے محکمے میں تعینات افسران و عملے کی تعداد، عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات، اور بالخصوص غریب و نادار افراد کے علاج و معالجے کے لیے انڈومنٹ فنڈز کے مو ¿ثر استعمال کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے محکمے کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی دریں اثناء ایکسین واپڈا وریام منجھو نے بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی، مختلف سرکاری محکموں پر بقایاجات، اور لوڈشیڈنگ کے اوقات جیسے مسائل درپیش ہیں۔ اجلاس میں ان مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور احسن طریقے سے ادا کریں انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے دی جائے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے انہوں نے سوشل ویلفیئر محکمے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انڈومنٹ فنڈز کو شفاف انداز میں استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف مل سکے مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے ایکسین واپڈا کو ہدایت کی کہ علاقے کی ضروریات، شدید گرمی کے موسم اور خاص طور پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور عوامی خدمت کو اپنا اولین مقصد بنائیں۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *