عوام کو معیاری، بروقت اور بلا امتیاز طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے،اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام بلوچ

گوادر(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام بلوچ نے رورل ہیلتھ سینٹر جیوانی کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران آر ایچ سی جیوانی کے انچارج ڈاکٹر ادریس بلوچ نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب طبی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور ادارے کو درپیش مسائل سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے درکار اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں او پی ڈی، ایمرجنسی، مردانہ و خواتین وارڈز، لیبارٹری، ایم این سی ایچ سینٹر، نیوٹریشن سینٹر، فارمیسی، ریکارڈ روم اور دیگر طبی سہولیات شامل تھیں۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی اور مجموعی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی اور ہدایت جاری کی کہ تمام افسران و ملازمین مقررہ اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں، مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور عوام کو بروقت، معیاری اور بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے فارمیسی اسٹور کا بھی معائنہ کیا اور ادویات کے ذخیرے، ریکارڈ اور دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ لائف سیونگ ڈرگز، ایمرجنسی ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان ہر وقت وافر مقدار میں دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری اور مو ¿ثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر طارق امام بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے سرکاری صحت مراکز کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی اور عوام کو معیاری، بروقت اور بلا امتیاز طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *