Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(این این آئی) اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ، جامعہ بلوچستان، شعبہ ریاضی کے ریٹائرڈ پروفیسر پروفیسر اسرار افغان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔پروفیسر اسرار افغان مرحوم جامعہ بلوچستان کے ان ممتاز اساتذہ میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی علم کی شمع روشن کرنے، طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کرنے اور جامعہ میں تدریس و تحقیق کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ نہ صرف ایک بہترین استاد تھے بلکہ ایک مخلص، باوقار، دیانت دار اور نہایت خوش اخلاق انسان بھی تھے۔ اپنے تدریسی کیریئر کے دوران انہوں نے ہزاروں طلبہ کی علمی رہنمائی کی، جن میں سے بہت سے آج ملک و بیرونِ ملک مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔مرحوم کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی تھا کہ وہ اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی طلبہ کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔ بعد ازاں بطور استاد انہوں نے اسی جذبے، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ شعبہ ریاضی اور جامعہ بلوچستان کی ترقی میں قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ وہ ہمیشہ اپنے ساتھی اساتذہ کے لیے ایک مخلص رفیق، طلبہ کے لیے شفیق استاد اور جامعہ کے لیے ایک ذمہ دار رکنِ علمی برادری رہے۔پروفیسر اسرار افغان کی وفات جامعہ بلوچستان، شعبہ ریاضی اور پوری علمی برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی علمی خدمات، تدریسی صلاحیت، اعلیٰ اخلاق، شائستگی، سادگی اور پیشہ ورانہ دیانت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں ایک باوقار استاد، ایک مخلص ساتھی اور ایک ذمہ دار معلم کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم رکھی۔اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن، جامعہ بلوچستان، مرحوم کی علمی، تدریسی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوستوں، ساتھی اساتذہ، شاگردوں اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم پروفیسر اسرار افغان کی تمام لغزشوں کو معاف فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔