یمن کی مسلح افواج کی حوثیوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں، 700 دہشت گرد ہلاک،ترجمان

صنعا(انٹر نیشنل ڈیسک)یمنی مسلح افواج نے بتایا ہے کہ اس نے جنگی طیاروں، ڈرون طیاروں، توپ خانے، میزائلوں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کرتے ہوئے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں، نقل و حرکت اور عسکری صلاحیتوں کے خلاف 257درست اہداف پر کارروائیاں کی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل رائل ماجد النزیلی نے واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں صنعا، میدی، باقم، الجوف، مرب، البیضا اور لحج کے محاذ شامل تھے جن میں آپریشنل توجہ کا مرکز تعز کے محاذ تھے جہاں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، کیمپوں، بھرتیوں کے مراکز، عسکری ذخائر، اسلحہ و گولہ بارود کے گوداموں اور عسکری رسد کی لائنوں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی میدانی تخمینوں کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم سات سو ملیشیا اہلکار ہلاک ہوئے، تزویراتی اور انتہائی قیمتی عسکری اہداف تباہ ہوئے اور ایک سو ستر عسکری گاڑیاں تباہ ہوئیں جس سے ملیشیا کی جنگی صلاحیت پر براہ راست اثر پڑا اور شہریوں کے گھروں اور دیہاتوں پر حملے جاری رکھنے کی اس کی صلاحیت محدود ہو گئی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمنی مسلح افواج پاپولر ریزسٹنس اور جنگی طیاروں کی پشت پناہی سے یمن کے جنوب مغرب میں واقع تعز صوبے کے تمام جنگی محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف شدید لڑائی لڑ رہی ہیں۔یمنی سرکاری فوج نے سامع کے محاذ پر اہم میدانی پیش رفت حاصل کی ہے جس کے دوران وہ ملیشیا کو جانی و مالی نقصان پہنچانے کے بعد قلعہ سامع اور اس کے اردگرد کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔صبح کے ابتدائی اوقات میں یمنی سرکاری فوج نے حوثی ملیشیا کی طرف سے شدید فائرنگ کی آڑ میں جبل ہان اور شہر کے مغربی محاذ کے دیگر مقامات پر کیے جانے والے وسیع حملے کو ناکام بنا دیا جہاں وہ حملے کو پسپا کرنے اور متعدد عناصر کے ہلاک، زخمی اور گرفتار ہونے کے بعد ملیشیا کو پیچھے ہٹنے اور فرار ہونے پر مجبور کرنے میں کامیاب ہو گئی۔اسی دوران مسلح افواج مزاحمتی فورسز کی مدد سے الشمایتین، المعافر اور جبل حبشی کے اضلاع کے جنگی محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف شدید جنگ لڑ رہی ہیں اور سامع میں ملیشیا کے باقی ماندہ عناصر کا تعاقب بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *