ٹھیکیدار برادری کی حق تلفی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،صوبائی حکومت ، ملک عبدالغفار مندوخیل اوردیگر کا خطاب

کوئٹہ(ویب ڈیسک)آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر میر عبدالسلام لانگو، چیئرمین ملک عبدالغفار مندوخیل،  جنرل سیکرٹری ملک مجیب اللہ مہترزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی،وائس چیئرمین میر شکیل لہڑی،نوابزادہ دارا خان جوگیزئی، حاجی قدیر قریشی، عیسیٰ روشان، شاہ باران کاکڑ، سردارزادہ مقبول احمد لانگو نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار برادری کی حق تلفی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا صوبائی حکومت اور مختلف محکموں کے سربراہ ٹینڈرنگ کے عمل کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن سخت احتجاج پر مجبورہوگی، بی ایس ڈی آئی (BSDI) کے ٹھیکے سرعام ہوٹلوں میں بیٹھ کرفروخت کئے جارہے ہیں اور ای بنڈنگ میں بھی ریٹس تبدیل کرکے اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازانے کا سلسلہ جاری ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں،سیاسی جماعتیں کرپشن اور کمشن مافیا کے خلاف ہمارے ساتھ ملکر آواز بلند کریں تاکہ صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے مقامی ہال میں آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ،اے این پی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی،مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خا ن مندوخیل،اے این پی کے رہنما ملک امان اللہ خان کاکڑنے بھی شرکت کی۔مقررین نے کہاکہ اسوقت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے آئے روز ٹھیکیداروں کی مشینری کو نذر آتش اور مزدوروں کو اغواء اور قتل کیا جارہا ہے جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر صاحبان بی ایس ڈی آئی کے منصوبے فروخت کرنے کی بجائے اپنی توجہ امن و امان کی بہتری پر دیں تاکہ صوبے بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی(BSDI)نے جب کام شروع کیا تو ٹینڈر ز کا عمل میرٹ پر ہورہا تھا جسکا ہم نے خیر مقدم کیا تھا لیکن اب بی ایس ڈی آئی کے ٹھیکے سرعام ہوٹلوں میں بیٹھ کر فروخت ہورہے ہیں جو کسی بھی صورت ہمیں قابل قبول نہیں ہے اسکے خلاف ہم بھر پور آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے آن گوئنگ منصوبوں کیلئے بجٹ میں جو رقم مختص کی ہے وہ انتہائی کم ہے جس سے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن نہیں ہے حکومت نئے منصوبے شروع کرنے کی بجائے پہلے جومنصوبے شروع کئے گئے ہیں انہیں مکمل کرنے کیلئے 100فیصد فنڈزکی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ بی پیپرا(BPPRA) کا ٹینڈر نظام ایسا ہو جہاں ہر اہل ٹھیکیدار کو برقرار مواقع ملیں تمام شرائط واضح ہوں تکنیکلی دستاویزات بروقت اورآسانی سے دستیاب ہوں اورکسی بھی ٹھیکیدار کو غیر ضروری تکنیکی یا انتظامی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اگر ای ٹینڈرنگ یا ای پروکیورمنٹ کے نظام میں کسی بھی قسم کی تکنیکی خرابی یا شکایت ملے تو اسے فوری طور پر روکا جائے تاکہ شفاف مقابلے کے اصول متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کسی ادارے یا فرد کے خلاف نہیں ہے بلکہ ٹھیکیداروں کے مفاد اور کرپشن و کمیشن مافیا کے خلاف ہے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ٹھیکیداروں کی حق تلفی کریں اگر کہیں بھی ٹھیکیداروں کی حق تلفی ہوگی تو ہم بھر پور آؤازبلند کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی کوششوں سے اب صوبے کے دور دراز علاقوں میں چھوٹے چھوٹے ٹھیکیداروں کو کام ملنا شروع ہوگئے ہیں جس سے ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *