Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) بلوچستان اور کوئٹہ زون کی کابینہ کے ایک نمائندہ وفد نے پی ایم اے بلوچستان کے صدر ڈاکٹر نعیم زرکون کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور رکنِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل، ٹیکسوں کے نفاذ، اے آئی اٹینڈنس سسٹم اور صحت کے شعبے میں انتظامی ذمہ داریوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، رکنِ صوبائی اسمبلی پھلین بلوچ اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔پی ایم اے بلوچستان کے وفد میں جنرل سیکرٹری ڈاکٹر زرک محمد شاہی، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر احمد عباس، ترجمان ڈاکٹر عبداللہ وردگ، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر طارق بلوچ، پی ایم اے کوئٹہ زون کے صدر ڈاکٹر نادر اچکزئی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب بلوچ اور نائب صدر ڈاکٹر کامیار شامل تھے۔وفد نے ایف بی آر اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کی جانب سے ڈاکٹروں پر عائد ٹیکسوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور قابلِ عمل حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفد نے اے آئی اٹینڈنس سسٹم کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ایم اے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حاضری کے ضوابط پر عمل درآمد کی مکمل حمایت کرتی ہے اور غیر حاضری کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کرتی۔ تاہم، وفد کے مطابق، بلوچستان کے مخصوص جغرافیائی، انتظامی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھے بغیر موجودہ نظام کا نفاذ فرائض کی باقاعدہ ادائیگی کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اس نظام پر نظرثانی کرتے ہوئے زمینی حقائق اور طبی اداروں کی عملی ضروریات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔وفد نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ صحت کا شعبہ ایک تخصصی اور تکنیکی شعبہ ہے، جس کے مؤثر انتظام اور پالیسی سازی کے لیے طبی مہارت اور پیشہ ورانہ تجربہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس ضمن میں مطالبہ کیا گیا کہ صحت سے متعلق پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور انتظامی امور میں ڈاکٹروں کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے اور متعلقہ انتظامی عہدوں پر اہل اور تجربہ کار طبی ماہرین کی تعیناتی کو ترجیح دی جائے۔ وفد نے اس مطالبے کو متعلقہ حکومتی اور پالیسی ساز فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کے پیش کردہ نکات اور تحفظات کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حل اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن مثبت کردار ادا کریں گے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان نے ملاقات کے لیے وقت دینے، وفد کا مؤقف سننے اور مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔