ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی خوشخبری! چیئرمین FBR راشد محمود لنگڑیال کا ٹیکس نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا بڑا اعلان

لاہور(کامرس ڈیسک)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کیلئے ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور سہل بنایا جا رہا ہے، اس مقصد کیلئے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ٹیکس امور سے متعلق مسائل کے فوری حل اور پالیسی سازی میں ٹیکس پریکٹیشنرز سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل مزید موثربنایا جائے گا، ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس انتظامی نظام میں بہتری لانا ایف بی آر کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر اورجنرل۔سیکرٹری فاروق گجر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر آپریشنز ایف بی آر، چیف ڈومین پی آر اے ایل (پرال)، لاہور کے چیف کمشنرز ایل ٹی او، سی ٹی او، آر ٹی او ون اور آر ٹی او ٹو سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ٹیکس دہندگان، ٹیکس پریکٹیشنرز اور ایف بی آر کے فیلڈ فارمیشنز سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور ٹیکس بار کے وفد نے ٹیکس سے متعلق تکنیکی اور سسٹم کے مسائل کے فوری حل کیلئے لاہور میں پی آر اے ایل (پرال)کا دفتر قائم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ وفد نے لاہور کے آر ٹی او ون اور آر ٹی او ٹو کے درمیان دائرہ اختیار اور کیسز کی منتقلی کے معاملات کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ٹیکس امور کی انجام دہی میں غیر ضروری مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔وفد نے کم از کم ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل اور ٹیکس دہندگان و ٹیکس پریکٹیشنرز کو درپیش عملی مشکلات کے ازالے کا مطالبہ بھی کیا۔ وفد نے قانونی اور سسٹم سے متعلق تکنیکی مشکلات کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مقررہ تاریخ میں توسیع کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 181 کے تحت کوائف اپ ڈیٹ کرنے میں درپیش مسائل دور کرنے اور موجودہ انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس گوشواروں کے ساتھ بیلنس لنکنگ اور ری کنسیلی ایشن کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آر، ممبر آپریشنز، پی آر اے ایل ٹیم اور ایل ٹی او، سی ٹی او، آر ٹی او ون اور آر ٹی او ٹو لاہور کے متعلقہ افسران کی جانب سے مسائل کو تحمل سے سننے اور مثبت انداز میں غور کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ ملاقات میں اٹھائے گئے مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ان کے جلد حل کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے، جس سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو سہولت ملنے کے ساتھ ٹیکس انتظامی نظام کو بھی مزید موثربنانے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *