زرغون ہاؤسنگ کے پارکس کی ٹینڈرنگ کسی صورت قبول نہیں, صدر زرغون ہاؤسنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن منصور خان اچکزئی

کوئٹہ(ویب ڈیسک) زرغون ہاؤسنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر منصور خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اسکیم کے پارکس کی ٹینڈرنگ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پارک کسی فرد، افسر یا ادارے کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ اسکیم کے رہائشیوں کی اجتماعی سہولت اور حق ہیں، جنہیں تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سنگین سیکیورٹی حالات میں رہائشی اسکیم کے اندر پارک کو ٹینڈر کرکے ہر خاص و عام کے لیے کھولنا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہوگا۔ اس سے اسکیم میں غیر ضروری اور غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت بڑھے گی، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی، ٹریفک، پارکنگ، صفائی، شور شرابے اور دیگر انتظامی و سماجی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ رہائشیوں، بچوں اور خاندانوں کے جان و مال کے تحفظ اور اسکیم کے پْرامن ماحول کو کسی بھی مالی یا تجارتی مفاد پر قربان نہیں کیا جاسکتا۔منصور خان اچکزئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پارک کی ٹینڈرنگ سے متعلق کوئی بھی فیصلہ رہائشیوں کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا تو اسے مسترد کردیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن ایسے کسی اقدام کو خاموشی سے قبول نہیں کرے گی جو رہائشیوں کے اجتماعی حقوق، سہولیات اور تحفظ کو متاثر کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارک کی ٹینڈرنگ کا عمل فوری طور پر منسوخ کیا جائے، بصورت دیگر زرغون ہاؤسنگ ویلفئر ایسوسی ایشن رہائشیوں کے ساتھ مل کر ہر قانونی اور آئینی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔منصور خان اچکزئی نے اسکیم کے مکینوں کو یقین دلایا کہ زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے اجتماعی مفادات، رہائشیوں کے حقوق اور ان کے پْرامن و محفوظ ماحول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *