یومِ دفاع قومی غیرت، اتحاد اور وطن سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے: قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر

کوئٹہ(ویب ڈیسک) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے، جو شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی شجاعت اور پوری قوم کے جذب? حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، جبکہ قوم نے اتحاد اور عزم کے ساتھ اپنی افواج کا بھرپور ساتھ دیا۔ شہداء کی قربانیاں ہمیں قومی اتحاد، ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد رہنے کا درس دیتی ہیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ آج قومی دفاع صرف سرحدوں کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ معاشی استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط جمہوری ادارے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور سماجی ہم آہنگی بھی قومی طاقت کے اہم ستون ہیں۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے معیشت اور اداروں کو مستحکم اور نوجوانوں کو جدید تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی، خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے موجودہ سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی و قائدانہ کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی کشیدگی کم کرنے اور خطے کو بڑے تصادم سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ وہ شہداء کے جذبہ قربانی کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، متحد، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ملک کے امن، استحکام اور خوشحالی اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کی حفاظت کے لیے دعا بھی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *