Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی رخشان ڈویژن کے صدر نعیم بلوچ نے بلوچستان کی وحدت، شناخت اور جغرافیائی سالمیت کے حوالے سے اپنے دوٹوک مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان محض ایک انتظامی اکائی نہیں بلکہ ہماری تاریخ، ثقافت، شناخت، روایات اور اجتماعی وجود کی علامت ہے۔ بلوچستان کو کسی بھی صورت تقسیم کرنے کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی اور صوبے کی وحدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔نعیم بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ اپنے حقوق کے لیے جمہوری، آئینی اور سیاسی جدوجہد کی ہے۔ صوبے کے مسائل کا حل تقسیم، تصادم یا انتظامی تجربات میں نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، آئین کی بالادستی، انصاف، مساوی مواقع، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کے اعتماد کی بحالی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان اسمبلی کے معزز اراکین کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ بلوچستان کے عوام کے حقیقی نمائندے ہیں یا مقتدرہ کے چوکیدار۔ عوام نے انہیں اپنے ووٹ کے ذریعے اسمبلی میں بھیجا ہے، لہٰذا اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی دباؤ یا مصلحت سے بالاتر ہو کر بلوچستان کے عوام کی آواز بنیں اور صوبے کی وحدت کے تحفظ کے لیے عملی اور واضح کردار ادا کریں۔نعیم بلوچ نے کہا کہ اگر بلوچستان کی تقسیم یا صوبے کی موجودہ وحدت کو متاثر کرنے والی کوئی تجویز زیرِ غور ہے تو بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کو اپنے عوام کے سامنے اپنا واضح مؤقف پیش کرنا چاہیے۔ خاموشی، مصلحت یا مبہم بیانات اب کافی نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کے عوام اپنے منتخب نمائندوں سے واضح جواب چاہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی وحدت کے حوالے سے اپنا واضح اور دوٹوک مؤقف سامنے لایا جائے اور سندھ اسمبلی کی طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی ایک متفقہ قرارداد پیش کی جائے، جس میں بلوچستان کی وحدت، سالمیت اور موجودہ جغرافیائی حیثیت کے تحفظ کا واضح اعادہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں قرارداد محض ایک رسمی کارروائی نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ بلوچستان کے منتخب نمائندوں کی جانب سے صوبے کے عوام کے ساتھ ایک واضح سیاسی عہد ہونا چاہیے کہ بلوچستان کی وحدت، شناخت اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔نعیم بلوچ نے کہا کہ رخشان ڈویژن سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع، علاقے اور خطے بلوچستان کی اجتماعی شناخت کا حصہ ہیں۔بلوچستان کے عوام کو ایک دوسرے سے جدا کرنے یا صوبے کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کی سوچ کسی صورت صوبے کے وسیع تر مفاد میں نہیں۔انہوں نے بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں، اراکینِ پارلیمنٹ، وکلا، دانشوروں، قبائلی و سیاسی عمائدین، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان کی وحدت اور شناخت کے معاملے پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مشترکہ آواز بلند کریں۔نعیم بلوچ نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں، لیکن بلوچستان کی وحدت، شناخت اور اجتماعی مفاد ایسے معاملات ہیں جن پر پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بلوچستان کی وحدت پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ بلوچستان کے مسائل کا حل تقسیم نہیں بلکہ اتحاد، انصاف، جمہوریت، ترقی، سیاسی مکالمے اور عوام کے اعتماد کی بحالی ہے۔بلوچستان ایک ہے، بلوچستان ہماری شناخت ہے اور اس کی وحدت و سالمیت کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے